بنگلورو:یکم/ اگست(ایس او نیوز) گجرات میں کانگریس اراکین اسمبلی کی وفاداری خریدنے بی جے پی کی مبینہ کوشش کے بعد وہاں کے 44اراکین اسمبلی کو پہلے بنگلور لایا گیا اور یہاں کے ایگل ٹن ریسارٹ میں مقیم کیاگیا ، لیکن اراکین اسمبلی کی یہاں موجودگی کی بھنک لگتے ہی ریاستی بی جے پی کی ٹیموں نے بی جے پی مرکزی قیادت کی ایما ء پر ان سے یہاں بھی رابطہ قائم کرنے کی کوششیں شروع کردیں ، جس سے آگاہ ہوتے ہی ان تمام اراکین اسمبلی کو آج ریاستی کانگریس نے مرکیرہ کے ایک ریسارٹ میں منتقل کردیا۔ گجرات اسمبلی سے راجیہ سبھا انتخابات میں صدر کانگریس سونیاگاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل کے انتخاب کو روکنے کے واحد مقصد سے بی جے پی کی قیادت کانگریس اراکین اسمبلی کی وفاداریوں کو خریدنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے، پچھلے دوتین دنوں سے گجرات کے کانگریس اراکین اسمبلی شہر اور مضافات کے مختلف ریسارٹس میں مقیم رہے، آج ان تمام اراکین اسمبلی سے ملاقات کیلئے خود احمد پٹیل بنگلور پہنچ گئے۔ بتایاجاتاہے کہ احمد پٹیل خود تمام کانگریس اراکین اسمبلی کے ساتھ ریسارٹ میں مقیم رہیں گے اور ان سے تبادلۂ خیال کریں گے۔ بتایاجاتاہے کہ احمد پٹیل اس وقت تک اب بنگلور ہی میں رہیں گے جب تک گجرات اسمبلی سے راجیہ سبھا کیلئے انتخاب کا عمل شروع نہیں ہوجاتااور تمام کے تمام اراکین اسمبلی احمد آباد میں اسمبلی تک پہنچ نہیں جاتے۔